سیالکوٹ( باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر دفاع خواجہ آصف کا ڈی پی او آفس کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ و پولیس خدمت مرکز پر بریفنگ
وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ڈی پی او آفس سیالکوٹ کا اہم دورہ کیا، جہاں ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کمانڈر آپریشنز سیف سٹی ساجد حمید ورک کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پولیسنگ کے جدید اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر دفاع کو سیف سٹی آپریشنز مانیٹرنگ سنٹر میں جدید حکمت عملی، عوامی سہولیات اور سیالکوٹ پولیس کی جانب سے متعارف کرائے گئے اقدامات پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم، باڈی کیم کے ساتھ سنیپ چیکنگ، اور جرائم کی موثر نگرانی جیسے اقدامات سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔
خواجہ آصف کو ضلع سیالکوٹ کی آبادی، معاشی اور جغرافیائی اہمیت کے ساتھ موجودہ پولیس فورس و وسائل کی صورتحال دیگر اضلاع کے ساتھ موازنہ کی صورت میں پیش کی گئی۔ ڈی پی او نے زور دیا کہ سیالکوٹ کو "سٹی ڈسٹرکٹ” کا درجہ دیا جانا اشد ضروری ہے تاکہ یہاں کے لیے درکار وسائل اور نفری کو بہتر انداز میں مہیا کیا جا سکے۔
وزیر دفاع کو سیالکوٹ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک چیلنجز اور ان کے حل کے لیے تجویز کردہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا جن میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنا شامل ہے۔
اس موقع پر وزیر دفاع نے پولیس لائنز میں زیرِ تعمیر پاکستان کے پہلے ڈرائیو تھرو پولیس خدمت مرکز کا بھی دورہ کیا، جہاں شہریوں کو گاڑی سے اترے بغیر 14 اہم پولیس سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ خواجہ آصف نے اس منفرد اور عوام دوست منصوبے کو پولیس کی جدید سوچ اور سہل کاری کی بہترین مثال قرار دیا۔
دورے کے اختتام پر وزیر دفاع نے ڈی پی او فیصل شہزاد اور سیالکوٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ حکومت پنجاب ضلع سیالکوٹ کو مزید محفوظ، جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اُس وژن کی حقیقی تصویر ہیں جس کا مقصد جدید، مؤثر اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔








