میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈہرکی ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین جام زاہد خان ڈہر اور ٹی ایم او مقصود جتوئی پر سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کو بنیاد بنا کر ریڑھی بانوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مزدور رہنماؤں کے مطابق متبادل جگہ فراہم کرنے کے بجائے ریڑھی بانوں کو بیروزگار کیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں غریب مزدور فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے اصل قبضہ مافیا، دکانداروں اور سرمایہ داروں کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کر رکھی ہے اور سیمنٹ کے دکے، پھٹے اور اسٹالز سمیت اضافی قبضہ شدہ جگہیں خالی کرانے کے بجائے انہیں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
شہری مزدور اتحاد یونین کی جانب سے "ناجائز تجاوزات ہٹاؤ، شہر کو خوبصورت بناؤ” کے تحت جاری تحریک کے چوتھے روز مزدور رہنماؤں محمد صادق لغاری، خادم حسین بھٹو، صالح محمد شر، شیر خان و دیگر نے ٹاؤن کمیٹی ڈہرکی کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور میڈیا سے گفتگو میں الزام لگایا کہ ریڑھی بانوں کو نشانہ بنانا ناانصافی ہے۔
رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ تمام تر کارروائیاں برابری کی بنیاد پر کی جائیں اور انتظامیہ کے جھوٹے پروپیگنڈا کا مقابلہ کرنے کے لیے وہ کھلے مناظرے کے لیے بھی تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصل قبضہ مافیا کو تحفظ فراہم کر کے عدالت کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس پر فوری نوٹس لیا جائے۔