وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اہم خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جنگ کراچی کی گلیوں میں لڑی گئی ہے ، بھارت نے کراچی کو بھی میدانِ جنگ بنا رکھا تھا، جہاں دہشت گردی اور تشدد کا سلسلہ شدت اختیار کیے ہوئے تھا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج الحمد للہ کراچی را کے تسلط سے آزاد ہو چکا ہے اور یہاں سے دہشت گردی اور را کے قتل و غارت گری کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ "کراچی سے را کو ختم کیا گیا، وہاں روزانہ بیس بیس لوگ مارے جاتے تھے، لیکن تمام سیاسی جماعتوں، سول و فوجی قیادت اور قوم نے مل کر ایک مثال قائم کی اور اس جنگ کو جیتا۔”وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، اور جب بھارت میں کوئی واقعہ ہوتا ہے تو بھارتی میڈیا سب سے پہلے پاکستان کا نام لیتا ہے۔ انہوں نے کہا، "ماضی میں آٹھویں لائن میں بھارت کا ذکر ہوتا تھا، لیکن اب بھارت کا نام دہشت گردی کے حوالے سے پہلے نمبر پر آنا چاہیے کیونکہ بھارت اس میں ملوث ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے بچوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ بھارت ہمارا دشمن ہے اور پوری قوم بھارت کے خلاف ایک سیسہ پلائی دیوار کی طرح متحد ہو چکی ہے۔ مصطفیٰ کمال نے زور دیا کہ پاک فوج اور قوم نے بھارت کے تمام سازشی خواب چکنا چور کر دیے ہیں، اور آج بھارت اپنی اندرونی مشکلات میں الجھا ہوا ہے۔

Shares: