ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری ہیں
کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ حیدرآباد نے قاسم آباد کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے سندھودیش ریولوشنری آرمی (SRA) سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالرحیم کھوسو اور غلام شبیر کے نام سے ہوئی ہے جو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔کارروائی کے دوران دہشت گردی کی فنڈنگ کے لیے استعمال ہونے والی رقم، پراپیگنڈا مواد، اہم دستاویزات اور وہ اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جو اپریل 2025 میں جامشورو کے لونی کوٹ میں سی ٹی ڈی گاڑی پر حملے میں استعمال ہوا تھا۔مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ گروہ کے دیگر ارکان کو بھی گرفتار کیا جاسکے۔
بنوں کے علاقے کیگی میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے ایک شہری اسامہ پیر معمولی زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق بارودی مواد سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا جو راہگیروں کی موجودگی میں دھماکے سے پھٹ گیا۔
پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز عوام کے تحفظ کے لیے چوکس ہیں۔
پولیس نے اتوار کی رات بکاخیل پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے طویل فاصلے سے حملے کی کوشش کی مگر چوکس پولیس اہلکاروں نے حرارتی کیمروں کی مدد سے مشتبہ نقل و حرکت دیکھ کر فوری جوابی فائرنگ کی، جس پر حملہ آور فرار ہوگئے۔ڈی پی او بنوں نے پولیس اہلکاروں کی بہادری کو سراہا اور عوامی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا اور صوابی پولیس کی مشترکہ کارروائی میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔پولیس کے مطابق چار دہشت گرد موٹرسائیکلوں پر سوار ہو کر آئے اور فائرنگ شروع کردی، جس پر جوابی کارروائی میں دو ہلاک جبکہ دو فرار ہوگئے۔مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت نعمان عرف مانے اور عبدالـباسط کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق ٹی ٹی پی طیاب اکبر گروپ سے تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔ذرائع کے مطابق ایک گروہ غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کر کے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔علاقے سے موبائل فونز، اسلحہ اور دیگر آلات برآمد ہوئے۔
دہشت گردوں نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا، جس سے متعدد علاقوں میں گیس سپلائی متاثر ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ رات گئے ہوا۔ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچے اور علاقے کو سیل کردیا۔
متعلقہ حکام نے مرمتی کام شروع کر دیا جبکہ تخریب کاروں کی تلاش جاری ہے۔
کولاچی کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو سڑک کنارے بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا۔ایک گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
بلوچستان لبریشن فرنٹ (BLF) کے دہشت گردوں نے حاجی شہر میں دھادر پولیس اسٹیشن پر حملہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق دوپہر ساڑھے دو بجے کے قریب حملہ آوروں نے اسٹیشن کو گھیرے میں لے کر اہلکاروں کو یرغمال بنایا اور سرکاری اسلحہ و موٹر سائیکلیں چھین کر عمارت کو آگ لگا دی۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی شروع کردی ہے۔
نوشکی کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر (SDPO) محمد یوسف ریکی گزشتہ شب نوشکی سے مستونگ جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے۔ذرائع کے مطابق ان کا رابطہ دورانِ سفر منقطع ہوگیا۔پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے تلاش شروع کر دی ہے اور واقعے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔
ڈکی اور چمالانگ کے کوئلہ کانوں میں دو مختلف حادثات میں چار افغان مزدور جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق ڈکی میں لینڈ سلائیڈنگ سے دو جبکہ چمالانگ میں میتھین گیس بھرنے سے دو مزدور دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے۔چیف مائنز انسپکٹر رفیق اللہ کے مطابق دونوں کانیں حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی پر بند کی گئی تھیں لیکن غیرقانونی طور پر دوبارہ کھول دی گئیں۔