مرکزی مسلم لیگ کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بنوں میں دہشت گردی کا حملہ قابل مذمت،شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی. وطن عزیز میں ہونیوالی دہشت گردی و تخریب کاری پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی مذموم کوشش ہے دشمن کی خواہش ہے کہ پاکستان سیاسی و معاشی طور پر عدم استحکام سے دوچار رہے.قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے

ان خیالات کا اظہار مرکزی مسلم لیگ کے نائب صدر حافظ طلحہ سعید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل حافظ خالد نیک نے بنوں واقعہ پر ردعمل دیتے ہوئے کیا. حافظ طلحہ سعید کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کی علامت ،ایک نظریئے پر قائم ہونیوالا ملک ہے۔پاکستان اس خطے میں امن وسکون چاہتا ہے لیکن دشمن کو شاید پاکستان کا امن منظور نہیں . بنوں دھماکے میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں. معصوم شہریوں کی موت پر انکے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں.قوم متحد ہو گی تو پاکستان بھی امن و امان کا گہوارہ بنے گا اور دشمنوں کی تمام کوششیں ،منصوبے ناکام ہوں گے۔

حافظ خالد نیک کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز کے بہادر نوجوان اپنی جانیں قربان کر کے ملک میں امن قائم رکھنے کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔حکومت دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کے سہولت کاروں کو بے نقاب کرے اور پاکستان کو ہر قسم کی دہشت گردی سے محفوظ بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے

Shares: