واشنگٹن: امریکا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اظہار کیا ہے-
باغی ٹی وی: امریکی وزارت خارجہ کے مشیر خاص اور قونصلر ڈیرک شیلٹ نے وائس آف آمریکا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کی نئی لہر کا سامنا ہے جس پر امریکا پاکستان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے کیونکہ امریکا نے دہشت گردی کے نئے خطرے کا اندازہ لگایا ہے۔
ڈیرک شیلٹ نے مزید کہا کہ ہم یہ سمجھنے اور جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ پاکستان کو دہشت گردی کی اس نئی لہر کا سامنا کیوں ہے اور یہ خطرہ کیوں بڑھتا جا رہا ہے، ایسے واقعات بار بار کیوں ہو رہے ہیں۔
ڈیرک شیلٹ نے بتایا کہ پشاور اورکراچی پولیس پر حملوں پر ہونے والی پاکستانی تحقیقات سے حاصل معلومات کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں اور اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں کہ ان حملوں کو انجام دینے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
ڈیرک شیلٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ انھوں نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ان کی ضروریات اور امریکا کی جانب سے فراہم کی جانے والی مدد سے متعلق بات کی ہے۔
تاہم انھوں نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے میں مدد سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
پانچ ماہ میں دوسری بار پاکستان کا دورہ کرنے والے کاؤنسلر ڈیرک نے اس سوال پر کہا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں معاونت کی نوعیت سے متعلق میں قیاس آرائیوں میں نہیں پڑوں گا کہ ہم کس چیز کی حمایت کریں گے اور کس کی نہیں،عوامی طور پرفرضی حالات میں یہ کس طرح لاگو ہوگا-
اس کے بجائے، مسٹر چولیٹ نے کہا کہ انہوں نے اپنے پاکستانی ہم منصبوں سے ان کی ضروریات اور واشنگٹن فراہم کی جانے والی مدد کے بارے میں بات کی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اقتصادی صورتحال بھی واشنگٹن کے لیے "پریشان کن” ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا چین پر واجب الادا قرض دنیا بھر میں تشویش کا باعث ہے لیکن امریکہ پاکستان سے بیجنگ اور واشنگٹن میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کو نہیں کہہ رہا ہے۔
پاکستان کے معاشی بحران، سیاسی عدم استحکام اور سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باوجود مسٹر شیلٹ نے کہا کہ ملک کے ساتھ تعلقات اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر اتحادی، پارٹنر برابر نہیں ہوتا، لیکن ہمارے تمام تعلقات اہم ہیں۔
دوسری جانب محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کراچی میں جمعہ کو ہونے والے حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کراچی پولیس آفس پر دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہےہم اس دہشت گردانہ حملے میں پاکستانی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ تشدد اس کا جواب نہیں ہے اور اسے رکنا چاہیے۔