وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد کی گوبی پارٹنرز کے کو-فاؤنڈر اور چیئر تھامس ساؤ کی سربراہی میں ملاقات ہوئی ہے
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ملائیشیاء کے درمیان اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے جس کے لئے دونوں فریقین بھرپور کام کر رہے ہیں،دونوں ممالک کی درمیان بزنس ٹو بزنس روابط بڑھانے کے حوالے سے گزشتہ روز پاکستان ملائیشیاء بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے،ہم کاروبار کے لیے دوستانہ ماحول بنانے اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ، پاکستان کے سٹارٹ اپ ایکو سسٹم پر گوبی پارٹنرز کے اعتماد خوش آئند ہے،حکومت پاکستان سرمایہ کاری سہولت اور بنیادی ڈھانچے تک بہتر رسائی کے ذریعے سٹارٹ اپس اور ابتدائی مرحلے کے سرمایہ کاروں کی مدد کے لیے مرکوز اصلاحات پر کام کر رہی ہے، ایک پائیدار سٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے لیے بین الاقوامی اور ملکی سرمایہ کو متحرک کرنا ہماری ترجیح ہے،ڈیجیٹل معیشت خاص طور پر فنٹیک، ای کامرس، اور آئی ٹی خدمات ہماری قومی ترقی کی حکمت عملی میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، ہم پاکستان کے آئی ٹی، ٹیک، اور اے آئی کے شعبوں میں وسیع استعداد کو مد نظر رکھتے ہوئے متعلقہ بین الاقوامی بزنس گروپس اور سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کریں گے،
گوبی پارٹنرز کے وفد نے پاکستان میں ای-کامرس اور فنانشل ٹیکنالوجیز کے شعبے میں اشتراک میں گہری دلچسپی دکھائی،ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ،وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ, وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔