لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی کی یورپی یونین ہم آہنگی کمیٹی کے صدر اور رکن پارلیمان برہان کایاترک نے ملاقات کی، جس میں پاک ترکیہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں، معاشی تعاون، ماحولیاتی چیلنجز اور پارلیمانی روابط پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وفد کا پرتپاک اور پرخلوص استقبال کرتے ہوئے کہا کہ برہان کایاترک کی لاہور آمد پاکستان اور ترکیہ کے درمیان لازوال بھائی چارے اور تاریخی تعلقات کی نئی توثیق ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں حالیہ سیلاب کے دوران ترکیہ حکومت اور عوام کی بروقت امداد پر گہرا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں ترکیہ نے جس خلوص کا مظاہرہ کیا وہ دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور محبت کی مضبوط بنیاد ہے۔ملاقات میں وزیراعلیٰ نے پاکستان کے اسپیشل اکنامک زونز میں ترکیہ کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے مجوزہ اکنامک زون کا نام "صدر رجب طیب اردوان اسپیشل انڈسٹریل زون” رکھنے کی تجویز بھی دی ہے۔ انہوں نے تعمیرات، توانائی، شہری منصوبہ بندی، لاجسٹکس اور مائننگ کے شعبوں میں ترکیہ کی سرمایہ کاری اور مہارت کو پاکستان کے لیے قیمتی اثاثہ قرار دیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فلڈ مینجمنٹ، کلین ٹرانسپورٹ، جنگلات کے تحفظ، واٹر کنزرویشن اور کلائمیٹ اسمارٹ انفراسٹرکچر میں مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پنجاب کلین ایئر پروگرام، ’’ستھرا پنجاب‘‘، اے آئی فارسٹ پروٹیکشن فورس اور پنجاب کلائمیٹ آبزرویٹری جیسے اقدامات سے وفد کو آگاہ کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ کلائمیٹ قانون سازی، مقامی حکومت، ڈیجیٹل ایکسچینج اور یوتھ ایمپاورمنٹ میں شراکت داری پاک ترکیہ تعلقات کو نئی جہت دے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی منظرنامے کے باوجود پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ انصاف، خودمختاری اور انسانی وقار کے اصولوں پر ایک ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہر بحران، انسانی المیے یا ماحولیاتی سانحات میں پاکستان اور ترکیہ نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے‘‘۔ مریم نواز نے اس موقع پر صدر رجب طیب اردوان کی پاکستان سے لازوال وابستگی کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ فلسطین کے مسئلے پر ترکیہ کی جرات مندانہ اور اصولی آواز پوری امت کے لیے اعتماد کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’کشمیر سے غزہ تک پاکستان اور ترکیہ کے دلوں اور مؤقف میں کوئی دوری نہیں‘‘۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارت بڑھانے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارت کو 5 ارب ڈالر سالانہ تک لے جانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، جس کے لیے حکومت پنجاب مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
ترکیہ کے رکن پارلیمان برہان کایاترک نے پنجاب حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ چند ماہ میں پنجاب میں ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد گھروں کی تعمیر قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’وزیراعلیٰ مریم نواز کی کام کرنے کی رفتار ترکیہ سے بھی تیز ہے‘‘۔ برہان کایاترک نے مزید کہا کہ ترکیہ کے عوام قائداعظم محمد علی جناح اور محمد نواز شریف کے مداح ہیں۔ملاقات نہایت خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں جانب سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔








