بھارتی دارالحکومت دہلی میں وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی رہائش گاہ پر منعقدہ کھلی کچہری کے دوران ایک 40 سالہ شخص نے اچانک ان پر حملہ کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، حملہ آور کی شناخت راجیش سکاریا کے نام سے ہوئی ہے جو ریاست گجرات کا رہائشی بتایا جا رہا ہے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور کچھ کاغذات کے ساتھ وزیراعلیٰ کے قریب آیا اور بات چیت کے دوران اچانک حملہ کر دیا۔ فوری طور پر وزیراعلیٰ کی سیکیورٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کر لیا اور تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، حملے کے فوری بعد وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔ پولیس کمشنر ایس بی کے سنگھ نے اس واقعے کو ایک بڑی سیکیورٹی ناکامی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس حملے کی اعلیٰ سطح پر سخت تحقیقات کی جائیں گی تاکہ ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔

دوسری جانب، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما ہریش کھرانہ نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز وزیراعلیٰ کا معائنہ کر رہے ہیں اور یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ ہریش کھرانہ نے مزید کہا کہ اس واقعے کے پیچھے ممکنہ سیاسی سازشوں کو بھی بغور دیکھا جائے گا۔بھارتی اپوزیشن جماعتوں نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعے کی مکمل تحقیقات کر کے سیکیورٹی کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ اس طرح کے حملے دوبارہ نہ ہوں

Shares: