بھارت کے دارالحکومت دہلی میں ہونے والے دھماکے کے بعد بھارتی میڈیا اور سیاسی حلقوں کی جانب سے حسبِ روایت پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کی تحقیقات ابھی ابتدائی مراحل میں ہیں، تاہم بھارتی چینلز اور تجزیہ کاروں نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرانا شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق دہلی کے حساس علاقے میں ہونے والا یہ دھماکہ شام کے وقت پیش آیا، جس میں چند افراد زخمی ہوئے۔ پولیس اور تفتیشی ادارے جائے وقوعہ کا جائزہ لے رہے ہیں، مگر ابھی تک کوئی حتمی شواہد سامنے نہیں آئے۔ اس کے باوجود بھارتی میڈیا نے واقعے کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا مہم شروع کر دی ہے۔سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی میڈیا کے اس رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ مختلف صارفین نے کہا کہ بھارت ہر داخلی مسئلے کا الزام پاکستان پر ڈال کر اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرتا ہے۔ ایک صارف نے لکھا “ہر بار جب بھارت کے اندر کوئی واقعہ ہوتا ہے، فوراً پاکستان کو موردِ الزام ٹھہرا دیا جاتا ہے، مگر بعد میں حقیقت کچھ اور نکلتی ہے۔”کئی صارفین نے دہلی دھماکے کو “فالس فلیگ آپریشن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت اپنے سیاسی مقاصد کے لیے ایسے واقعات کو استعمال کرتی ہے تاکہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹائی جا سکے۔

پاکستانی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت کے اس طرزِ عمل سے خطے میں کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغیر ثبوت الزام تراشی نہ صرف غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے بلکہ بین الاقوامی قوانین کے منافی بھی ہے۔

Shares: