وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اسموگ کے مسئلے پر بھارت کو خط لکھنے کے عندیے کے بعد بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

ایک وائرل ویڈیو میں بھگونت مان نے کہا کہ پاکستان کی وزیر اعلیٰ کہتی ہیں کہ "ہم خط لکھیں گے کہ آپ کا دھواں لاہور آتا ہے”، لیکن دوسری طرف دہلی والے کہتے ہیں کہ "تمہارا دھواں دہلی آتا ہے”، تو کیا ہمارا دھواں ایک چکر لگاتا رہتا ہے؟ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ صرف دھوئیں کا نہیں، بلکہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے جس کا حل صرف بات چیت سے نکل سکتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی پنجاب اور ہریانہ میں فصلوں کی کٹائی کے بعد کسانوں کی جانب سے فصلوں کی باقیات کو آگ لگا دی جاتی ہے، جس سے اٹھنے والا دھواں اور اس سے پیدا ہونے والی اسموگ کا مسئلہ دونوں ممالک کے لئے پریشانی کا باعث بنتا ہے۔ اس کی وجہ سے دونوں اطراف کے علاقے آلودگی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

گزشتہ دنوں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسموگ کے مسئلے کو سیاسی نہ سمجھتے ہوئے اسے انسانی مسئلہ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس کے حل کے لیے پاک بھارت ڈپلومیسی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ اسموگ کے معاملے پر بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو خط لکھنے پر غور کر رہی ہیں۔

یہ معاملہ دونوں ملکوں میں بڑھتی ہوئی آلودگی اور اس سے متاثرہ شہریوں کی صحت کے حوالے سے ایک اہم موضوع بن چکا ہے، اور اس کا حل تلاش کرنے کے لئے دونوں طرف کی حکومتوں کو سنجیدگی سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

Shares: