سیالکوٹ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر مدثر رتو) چیئرمین گلوبل پاک کشمیر سپریم کونسل راجہ سکندر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں کا کردار قومی تاریخ کا روشن باب ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی جدوجہد میں صحافت نے ہمیشہ مرکزی کردار ادا کیا ہے، اور یہی صحافت معاشرتی تبدیلی کا پیش خیمہ بنتی ہے۔
عالمی یومِ صحافت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ سکندر خان نے کہا کہ موجودہ دور صحافیوں کے لیے نہایت چیلنجنگ ہے، جہاں اظہارِ رائے کی آزادی دبائی جا رہی ہے، اور سچ لکھنے یا بولنے والے صحافیوں کو خطرات، دھمکیاں، حتیٰ کہ تشدد اور قید کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آزاد اور باکردار صحافت کے بغیر کوئی معاشرہ حقیقی ترقی نہیں کر سکتا۔
راجہ سکندر خان نے قیامِ پاکستان کے وقت صحافیوں کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے ہراول دستے میں بھی صحافت شامل تھی، اور آج بھی پاکستان کے باشعور صحافی آئین و جمہوریت کی جنگ میں اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان تمام بے باک صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے آزادیِ صحافت کے لیے اپنا خون دیا، جیلیں کاٹیں، ہتھکڑیاں پہنیں اور تشدد سہا، مگر سچ کی راہ سے نہ ہٹے۔
راجہ سکندر خان نے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشے سے بڑھ کر ایک عظیم مشن ہے، اور جس حکومت میں اظہارِ رائے اور صحافت کی آزادی نہ ہو، وہ جمہوریت کہلانے کی حقدار نہیں۔ انہوں نے اپنی اور اپنی ٹیم کی جانب سے تمام صحافی برادری کو سلام پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستانی صحافی آئندہ بھی حق، انصاف اور عوامی آواز بلند کرتے رہیں گے۔