فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا کے مختلف ممالک میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
برطانیہ، فن لینڈ، سوئیڈن، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور حتیٰ کہ اسرائیل کے اندر بھی عوام سڑکوں پر نکل آئے اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔برطانیہ میں رائل ایئر فورس بیس کے باہر سینکڑوں افراد نے اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے پر حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ بکنگھم شائر میں بھی ہزاروں مظاہرین نے رائل ایئر فورس کے ہائی وائی کامب بیس کے گرد احتجاج کرتے ہوئے برطانوی حکومت پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون ختم کرے۔
اسٹاک ہوم کے اوڈن پلان اسکوائر میں فلسطینی حامیوں نے جمع ہو کر غزہ اور مغربی کنارے پر اسرائیلی جارحیت اور صحافیوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم اور شہید صحافیوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جبکہ سیاہ لباس میں ملبوس مظاہرین نے علامتی تابوت اٹھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔غزہ میں گزشتہ ہفتے اسرائیلی حملے میں صحافی انس شریف، محمد قریقع، تین کیمرہ آپریٹرز اور ایک رپورٹر جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد غزہ میں شہید صحافیوں کی تعداد 238 ہو گئی ہے۔
سوئیڈن میں فلسطینی صحافیوں کی یاد میں مارچ کیا گیا جس میں نسل کشی روکنے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں ہزاروں ڈاکٹروں، نرسوں اور صحت کارکنوں نے خاموش مارچ کیا اور غزہ میں محصور اپنے ساتھیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے شہید صحت کارکنوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔
اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں بھی فلسطینیوں کے حق میں جلوس نکالا گیا، جہاں ہاؤسنگ سیکرٹری میری میکالن بھی شریک ہوئیں اور انہوں نے کہا کہ ”یہ مظالم بند ہونے چاہئیں، اور ہمیں نسل کشی کے خلاف آواز بلند کرنی ہوگی.آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ہاربر برج پر عوام کا سمندر امنڈ آیا اور فلسطین کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی گئی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فن لینڈ میں فلسطین حامیوں نے ایک اسلحہ ساز کمپنی کے دفتر پر سرخ رنگ پھینک کر اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔انگلینڈ کے نورویچ میں فلسطین ایکشن کے حامیوں کے احتجاج کے دوران 13 افراد کو پولیس نے گرفتار کیا، جبکہ لندن میں گزشتہ ہفتے بھی 500 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لیا گیا تھا۔
مریم نواز کا جاپان میں شاندار استقبال، کارکنان کے نعرے
سیلابی تباہی، اموات کی تعداد 328 ، قادر نگر میں 84 جانیں ضائع
خیبر پختون خوا اور گلگت بلتستان میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن جاری
جشن آزادی پر حملے کا منصوبہ ناکام ،یونیورسٹی پروفیسر سمیت 3 دہشت گرد گرفتار