اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان)پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اور فوکل پرسن ہیلتھ برائے ڈینگی سرویلنس، عمران حیدر سیال نے احمد پور شرقیہ میں غلام مرتضیٰ کے فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر اچانک دورہ کیا۔دورے کا مقصد ڈینگی وائرس کی روک تھام کے حوالے سے کیے جانے والے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔
معائنے کے دوران فاسٹ فوڈ پوائنٹ پر تازہ پانی جمع پایا گیا، جو ڈینگی وائرس پھیلانے والے مچھروں کی افزائش کا باعث بن سکتا تھا۔ اس غفلت پر موقع پر ہی متعلقہ مالکان کو قانونی نوٹس جاری کر دیا گیا۔
اس موقع پر عمران حیدر سیال نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام تجارتی مقامات پر صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈینگی جیسے خطرناک مرض سے بچاؤ کے لیے حکومتی سطح پر بھرپور اقدامات جاری ہیں، لیکن عوام اور تاجر برادری کا مکمل تعاون بھی ضروری ہے تاکہ بیماری پر مؤثر قابو پایا جا سکے۔
عمران حیدر سیال نے مزید کہا کہ فاسٹ فوڈز سمیت دیگر عوامی مقامات پر ڈینگی سرویلنس کا عمل مسلسل جاری رہے گا اور آئندہ بھی کسی قسم کی غفلت پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔