ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) غازی یونیورسٹی میں محکمہ بہبود آبادی کے اشتراک سے ’’بااختیار نوجوان، متوازن خاندان، ترقی کی راہ پر گامزن‘‘ کے عنوان سے یوتھ کانفرنس منعقد ہوئی۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کو رائی، ضلعی آفیسر بہبود آبادی ہما مہدی لغاری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عتیق الرحمن، راؤ راشد حفیظ، محمد فیاض ڈھول، ڈاکٹر محمد عابد، عبد القدوس، محمد صدیق، پروفیسر ڈاکٹر ارشد منیر لغاری، پروفیسر ڈاکٹر سعد اللہ لغاری، ڈاکٹر محمد علی تارڑ اور دیگر اساتذہ شریک ہوئے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سمیرا بانو نے انجام دیے۔

مقررین نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت اور ان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم، صحت کی سہولیات، رہنمائی اور بہتر مواقع فراہم کرکے نوجوان نسل کو اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے قابل بنایا جا سکتا ہے، تاکہ وہ ایک متوازن، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کے قیام میں مؤثر کردار ادا کریں۔

مقررین نے مزید کہا کہ متوازن خاندان ہی معاشرتی استحکام کی بنیاد ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ علم، برداشت اور تعاون کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ نوجوان جب بااختیار ہوتے ہیں تو درست فیصلے کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے بہترین مثال قائم کرنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں کو شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

Shares: