گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کامونکی کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہسپتال میں طبی سہولیات، ڈاکٹرز و طبی عملے کی حاضری، ادویات کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مریضوں سے ملاقات کر کے ان سے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ڈاکٹرز و عملے کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، احساس ذمہ داری اور خوش اخلاقی سے سرانجام دیں۔ انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ مریضوں کے ساتھ کسی قسم کی بدسلوکی یا علاج میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر ایم ایس THQ ڈاکٹر سعد احمد خان نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں دستیاب سہولیات، درپیش مسائل اور انتظامی امور سے آگاہ کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سعد احمد خان نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت سے جو قلبی سکون حاصل ہوتا ہے، وہ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اچھا ڈاکٹر وہی ہے جو مریضوں کے درد کو سمجھے اور ان کے لیے نرم دلی اور حساسیت کا مظاہرہ کرے۔

ڈاکٹر سعد احمد خان نے ہسپتال کی انتظامیہ اور طبی عملے کو ہدایت دی کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کو مکمل عزت، توجہ اور بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بدتمیزی، کوتاہی یا علاج سے انکار کی شکایت پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہے، اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہسپتال میں موجود پیرامیڈیکل اسٹاف اور سکیورٹی گارڈز سے متعلق موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لینے کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا کہ غیرذمہ دار عناصر کو ملازمت سے فوری برطرف کیا جائے گا۔

ڈاکٹر سعد احمد خان کی شفاف، نڈر اور ہمہ وقت متحرک قیادت میں ہسپتال میں مریضوں کو درپیش مسائل کو عقابی نگاہ سے مانیٹر کیا جا رہا ہے، اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔

Shares: