ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب کی تاریخ میں ایک منفرد اور حوصلہ افزا قدم اٹھایا گیا، جہاں لاہور بورڈ میں میٹرک امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالبعلم فیضان رضا کو ایک دن کے لیے اعزازی ڈپٹی کمشنر کا چارج سونپا گیا۔ اس موقع پر فیضان رضا کو پورے سرکاری پروٹوکول کے ساتھ ان کے گھر سے ڈپٹی کمشنر آفس پہنچایا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ ثناء شرافت اور دیگر ضلعی افسران نے انہیں سرکاری گاڑی میں بٹھا کر ڈی سی آفس روانہ کیا۔ فیضان رضا نے اپنے دن کا آغاز گورنمنٹ ہائی اسکول شاہکوٹ نمبر 1 کے دورے سے کیا، جہاں انہوں نے اپنے اساتذہ اور طلبا سے ملاقات کی اور اس کامیابی پر اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔
ڈپٹی کمشنر آفس پہنچنے پر اصل ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور دیگر افسران نے اعزازی ڈپٹی کمشنر کا پرتپاک استقبال کیا۔ فیضان رضا نے شہریوں کے مسائل سنے اور ضلعی افسران سے تفصیلی بریفنگ بھی لی۔ بعدازاں انہوں نے مریم نواز سکول فار اسپیشل چلڈرن (سنٹر آف ایکسیلنس) اور گورنمنٹ گرونانک گریجویٹ کالج برائے خواتین کا بھی دورہ کیا۔
مون سون شجرکاری مہم کے تحت انہوں نے ننکانہ سٹی کے پبلک پارکس میں پودے لگا کر ماحول دوست اقدام میں بھی حصہ لیا۔ میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے فیضان رضا نے کہا:
"ڈپٹی کمشنر بننا میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے، میں ایک سبزی فروش کا بیٹا ہوں، زندگی میں بہت مشکلات آئیں، لیکن والدین اور اساتذہ نے ہمیشہ ساتھ دیا۔ میں یہ اعزاز اپنے والدین اور اساتذہ کے نام کرتا ہوں اور وعدہ کرتا ہوں کہ ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے مزید محنت کروں گا۔”
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ اگر کوئی ضلع میں پہلی پوزیشن حاصل کرتا تو اسے مزید پروٹوکول ملتا۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ تعلیم کو اپنا ہدف بنائیں اور والدین، اساتذہ اور ملک کا نام روشن کریں۔
عوامی، وکلاء، اور تاجر حلقوں نے اس اقدام کو بے حد سراہا اور ڈپٹی کمشنر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے نوجوانوں میں تعلیم کے لیے دلچسپی بڑھے گی اور ایک مثبت مقابلے کی فضا قائم ہو گی۔
یہ اقدام نہ صرف ایک طالبعلم کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ محنت، خلوص اور لگن سے کامیابی کے دروازے کھلتے ہیں – چاہے پس منظر کچھ بھی ہو۔
Shares: