ڈیرہ غازی خان: سول لائن پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن
ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نامہ نگارشہزاد خان) سول لائن پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے اپنے اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ حساس مقامات پر سفید لباس میں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ منشیات فروشوں اور قبحہ خانوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
ایس ایچ او تھانہ سول لائن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ تمام کارروائیاں ڈی پی او سید علی کی خصوصی ہدایات پر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے کچہری روڈ اور ٹیچنگ اسپتال جیسے حساس مقامات پر سفید لباس میں سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ علاقے میں منشیات فروشوں اور قبحہ خانوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد نہ صرف مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانا ہے بلکہ عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کرنا بھی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ایسے افراد جو معصوم شہریوں کا نقصان کرتے ہیں، انہیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائیں گی۔ سول لائن پولیس عوام کی حفاظت اور امن و امان کی بحالی کے لیے دن رات سرگرم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جا رہا ہے۔
عوام نے پولیس کے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کارروائیوں سے علاقے میں جرائم کی شرح میں کمی آئے گی اور شہری محفوظ ماحول میں اپنی زندگی بسر کر سکیں گے۔