ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) پنجاب کے اہم ڈویژن ڈیرہ غازی خان میں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کی کلیدی آسامی طویل عرصے سے خالی ہے، جس کے باعث ایک افسر کو عارضی چارج دے کر تعلیمی و انتظامی امور چلائے جا رہے ہیں، مگر اس عبوری نظام کے باعث نہ صرف تعلیمی نظم و نسق متاثر ہو رہا ہے بلکہ متعدد انتظامی فیصلے بھی تاخیر کا شکار ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈویژن کے پانچ اضلاع میں کالجوں کی نگرانی، تدریسی معیار اور دیگر کلیدی ذمہ داریاں اسی پوسٹ سے وابستہ ہیں، لیکن مستقل افسر کی عدم تعیناتی سے نظام میں بے ترتیبی اور غیر یقینی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ اضافی چارج رکھنے والے افسر پر دباؤ بڑھنے سے روزمرہ فیصلوں اور معاملات میں سست روی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز کی خالی پوسٹ پر فوری اور مستقل افسر تعینات کیا جائے تاکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں تعلیمی معاملات میں بہتری آئے اور انتظامی عمل درست خطوط پر بحال ہو سکے۔

Shares: