ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر) گیس بحران نے شہریوں کو سردیوں میں بے بس کر دیا
ڈیرہ غازی خان میں شدید سردی کی لہر نے پہلے ہی شہریوں کی زندگی کو مشکل بنا رکھا تھا، لیکن گیس کی مسلسل بندش نے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے، گرم پانی اور ہیٹنگ کے لیے گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو مہنگی ایل پی جی سلنڈروں پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے، جس سے ان کا مالی بوجھ بڑھ گیا ہے۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ نے غریب اور متوسط طبقے کے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ سردیوں میں گیس کی کمی کی وجہ سے شدید پریشان ہیں۔ بچے اور بوڑھے سردی کی وجہ سے بیمار پڑ رہے ہیں اور گھر میں گرم رہنے کے لیے انہیں اضافی کپڑے پہننے پڑ رہے ہیں۔
شہریوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ سردیوں میں گیس کی کمی ایک انسانی مسئلہ ہے اور اسے فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔