ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر)غیرقانونی ٹھیکیدار فدا حجانہ کی گڈز ٹرانسپورٹ سے بھتہ خوری جاری، انتظامیہ خاموش

ڈیرہ غازیخان میں انٹرسٹی ٹیکس کے نام پر بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ سے فداحجانہ کے غنڈوں کی بھتہ وصولی جاری،انتظامیہ حصہ لیکرخاموش، انتظامیہ کی گڈزٹرانسپورٹ کو چپ کرانے کیلئے غیرقانونی ٹیکس کے نام پر بھتہ وصولی کی نام نہادٹھیکیدارکے ملازمین پر لولی لنگڑی ایف آئی آر درج کرائی گئی،ایک قومی اخبارکے رپورٹر کے ذریعے گڈزٹرانسپورٹ کو چپ کرانے کیلئے ایک لاکھ روپے ماہانہ دینے کی پیش کش ۔روزانہ ڈیرہ غازیخان سے تقریباََ 2000سے زائد چھوٹی بڑی گاڑیاں گزر کر پاکستان کے مختلف شہروں میں سامان کی ترسیل کرتی ہیں ،زیادہ تربلوچستان سے آنے والے ٹرک اور منی گڈزان کا نشانہ، 200روپے سے 400روپے فی گاڑی گن پوائنٹ پوائنٹ پر بھتہ لیا جاتا ہے ،گڈزٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری بلال لغاری

تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ سے غیرقانونی بھتہ خوری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ انٹرسٹی ٹیکس کے نام پر روزانہ سینکڑوں گاڑیوں سے غیرقانونی طور پر رقم وصول کی جا رہی ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ اس معاملے پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامیہ بھتہ خوروں کے ساتھ ملی بھگت میں ملوث ہے اور اس مسئلے کو دبانے کے لیے مختلف حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری بلال لغاری کے مطابق روزانہ ڈیرہ غازی خان سے تقریبا 2000 گاڑیاں سامان کی ترسیل کے لیے گزرتی ہیں، جن میں زیادہ تر بلوچستان سے آنے والے ٹرک اور منی گڈز شامل ہیں۔

ان گاڑیوں سے گن پوائنٹ پر 200 سے 400 روپے فی گاڑی بھتہ لیا جا رہا ہے۔ بلال لغاری کا کہنا ہے کہ فداحجانہ نامی ٹھیکیدار نے مقامی انتظامیہ کے ساتھ ملی بھگت کرکے میونسپل کارپوریشن سے انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سے ٹیکس وصولی کا ٹھیکہ لیا ہوا ہے۔ اس ٹھیکے کی آڑ میں بین الصوبائی گڈز ٹرانسپورٹ سے روزانہ لاکھوں روپے کا غیرقانونی بھتہ وصول کیا جا رہا ہے۔

مسلسل شکایات کے باوجود انتظامیہ نے محض رسمی کارروائی کرتے ہوئے تھانہ گدائی میں چند غنڈوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ مورخہ 28 اگست 2024 کو اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی تیمور عثمان کی جانب سے تحریری درخواست پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ درخواست میں واضح کیا گیا کہ پل ڈاٹ اور گدائی چونگی پر شعیب ولد محمد اکبرقوم راناسکنہ چورہٹہ، محمد زبیر ولد محمد حسین قوم حجانہ سکنہ شاہ سکندر روڈ اور محمد اسلم ولد محمد اکرم قوم حجانہ سکنہ شاہ سکندر روڈ غیرقانونی طور پر اڈہ فیس کے نام پر بھتہ وصول کر رہے ہیں۔سیکرٹری آرٹی آئی نے خود موقع پر پہنچ کر بھتہ خوری کی تصدیق کی اور ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 384 اور 341 کے تحت مقدمہ درج کرایا۔

تاہم گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ بھتہ خوری کے اڈے بدستور فعال ہیں اور ملزمان کو روکنے کے لیے کوئی مئوثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔گڈز ٹرانسپورٹ کے صدر عبدالسلام ناصر اور جنرل سیکرٹری بلال لغاری نے اس صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ پر دباؤڈالنے کے لیے بارہا کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان کو شکایات درج کرائی گئیں لیکن کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے گڈز ٹرانسپورٹ کو خاموش کرانے کے لیے ایک قومی اخبارکے رپورٹر کے ذریعے ماہانہ ایک لاکھ روپے دینے کی پیشکش کی جو کہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے۔ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر بھتہ خوری کے اس نظام کو ختم نہ کیا گیا تو وہ پورے ملک میں پہیہ جام ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے مقامی انتظامیہ کو متنبہ کیا ہے کہ اس مسئلے کا فوری حل نکالا جائے، ورنہ یہ احتجاج پورے ملک میں پھیل سکتا ہے، جس سے معاشی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی۔

Shares: