ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر ضلع بھر میں غیر قانونی آئل ایجنسیوں اور ایل پی جی یونٹس کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ سول ڈیفنس آفیسر غلام یاسین ملک کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے ٹیم نے شہر کے بلاک 4، گھنٹہ گھر، بلاک 30 اور دیگر علاقوں میں اچانک معائنہ کیا۔
دورانِ چیکنگ تین غیر قانونی ایل پی جی ایجنسیاں اور دو آئل یونٹس کو سربمہر کر دیا گیا، جب کہ موقع سے مشینری اور دیگر سامان قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا۔
سول ڈیفنس آفیسر غلام یاسین ملک کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جائے گی اور غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف لائسنس یافتہ، محفوظ اور قانونی ذرائع سے ایندھن حاصل کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر سول ڈیفنس یا متعلقہ حکام کو مطلع کریں۔