ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-185 ڈیرہ غازی خان کے ضمنی الیکشن کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پہلے روز ریٹرننگ افسر وسیم جتوئی کے دفتر سے 34 فارم جاری کیے گئے، جو 21 مختلف متوقع امیدواروں نے حاصل کیے۔

اہم سیاسی شخصیات جنہوں نے کاغذات حاصل کیے، ان میں اسامہ عبد الکریم، سردار محمد خان لغاری، حذیفہ رحمان، سردار دوست محمد خان کھوسہ، ڈاکٹر شفیق پتافی، لطیف پتافی، سردار محمد جمال خان لغاری اور محمود قادر لغاری شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 11 اکتوبر تک حاصل اور جمع کروائے جا سکتے ہیں، جبکہ ابتدائی امیدواروں کی فہرست 13 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

یاد رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی کی زرتاج گل وزیر کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق این اے-185 کا یہ انتخاب جنوبی پنجاب کی سیاست میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ اس میدان میں سینیٹر حافظ عبدالکریم کے صاحبزادے اسامہ عبد الکریم، سردار محمد خان لغاری، وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی ساتھی حذیفہ رحمان، سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ، موجودہ ایم پی اے حنیف پتافی کے بڑے بھائی ڈاکٹر شفیق پتافی، ان کے بھائی لطیف پتافی،چیف لغاری سردار محمد جمال خان لغاری اور محمود قادر لغاری جیسے نمایاں امیدوار میدان میں ہیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ لغاری اور کھوسہ خاندانوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، تاہم بعض حلقے یہ بھی سمجھتے ہیں کہ ڈاکٹر شفیق پتافی اور محمود قادر لغاری کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان کے پاس سرمایہ اور اثرورسوخ دونوں ہیں، جو انتخابی نتیجے پر اثر ڈال سکتے ہیں۔

اصل سیاسی معرکہ 23 نومبر کو ہوگا، جب عوام فیصلہ کریں گے کہ کامیابی کا ہما کس کے سر بیٹھتا ہے۔

Shares: