ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-185 ڈیرہ غازی خان دوم میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اعلان پشاور ہائی کورٹ کے 11 ستمبر 2025 کے حکم کے تحت جاری کیا گیا، جس کے بعد حلقے میں انتخابی عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر F.8(7)/2025-Coord-Vol-I(3) کے مطابق امیدواروں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی تاریخیں 9 سے 11 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہیں، جب کہ نامزد امیدواروں کی فہرست 13 اکتوبر 2025 کو شائع کی جائے گی۔
کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال (Scrutiny) کی آخری تاریخ 20 اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے، جبکہ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 24 اکتوبر 2025 ہو گی۔ اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلے 31 اکتوبر 2025 تک سنائے جائیں گے۔
ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے امیدواروں کی نظرِ ثانی شدہ فہرست یکم نومبر 2025 کو جاری کی جائے گی، اور امیدواروں کے لیے اپنی نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 3 نومبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس روز امیدواروں کی حتمی فہرست بھی شائع کی جائے گی۔
انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 4 نومبر 2025 کو کی جائے گی، جبکہ ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ ڈے 23 نومبر 2025 مقرر کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ نشست پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی رکنِ قومی اسمبلی زرتاج گل کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ زرتاج گل پر مئی 2023 کے احتجاجی واقعات کے حوالے سے چلنے والے مقدمات میں سزا سنائے جانے کے بعد الیکشن کمیشن نے انہیں آئین کی متعلقہ شق کے تحت نااہل قرار دیا تھا۔
زرتاج گل نے اس فیصلے کو عدالت میں چیلنج کیا تھا اور اسی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ نے عارضی طور پر الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب کرانے سے روک دیا تھا۔ اب پشاور ہائی کورٹ کے احکامات اور قانونی تقاضوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کر کے انتخابی شیڈول جاری کردیا ہے