ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت "ستھرا پنجاب پروگرام” کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے شرکت کی اور پروگرام سے متعلق تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری اور ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق سمیت دیگر متعلقہ حکام اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندے موجود تھے۔

اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت جاری صفائی مہم، ویسٹ کلیکشن، کوڑا کرکٹ کی تلفی اور شہری و دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی شہری سہولیات کا بنیادی جزو ہے، اور اس پروگرام کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام ضلعی افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام کو صاف ماحول فراہم کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ ستھرا پنجاب پروگرام وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک انقلابی پروگرام ہے جو پنجاب کے شہروں اور دیہاتوں کو خوبصورت بنائے گا۔

ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے نمائندوں نے اجلاس کو بتایا کہ پروگرام کے تحت تمام شہروں اور قصبوں میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے جا رہے ہیں، کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے مشینری اور افرادی قوت میں اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مانیٹرنگ کا نظام بھی مؤثر بنایا گیا ہے۔

کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی مہم کی نگرانی کریں اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ شہری آگاہی مہمات چلائی جائیں اور اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر عوامی مقامات پر صفائی ٹیمیں خصوصی توجہ دیں۔

اجلاس میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے، گلی محلوں کی صفائی، ڈمپنگ پوائنٹس کی نشاندہی، اور ویسٹ کلیکشن نظام کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور شہریوں کو باہم مل کر کام کرنا ہو گا۔

Shares: