ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر): ڈیرہ غازی خان میں ضلعی انتظامیہ نے عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی نے مارکیٹوں کے معائنہ کے دوران بغیر تصدیقی مہر کے گوشت فروخت کرنے والے دو قصابوں کو گرفتار کرایا۔ اس کے علاوہ، دودھ اور دہی مقررہ قیمت سے زیادہ پر فروخت کرنے پر تین دکانداروں کو بھی گرفتار کرایا گیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر یہ کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے استغاثے بھی جمع کرا دیے گئے ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کورائی نے سرکاری سلاٹر ہاؤس کا بھی دورہ کیا اور وہاں صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے قصابوں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ صرف سرکاری سلاٹر ہاؤس میں ویٹرنری ڈاکٹر کی نگرانی میں جانور ذبح کریں اور گوشت پر ڈاکٹر کی مہر لگوائیں، بصورت دیگر سلاٹر ہاؤس ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ شہریوں کو صحت مند گوشت اور اشیائے خوردونوش مقررہ نرخ پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دکانداروں سے بھی اپیل کی کہ وہ سرکاری نرخنامے نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور ان پر عمل درآمد کریں۔

Shares: