ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر جواد اکبر) گڈز ٹرانسپورٹ ملکی معیشت میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے، جسے ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا جاتا ہے۔ تاہم، ٹرانسپورٹرز کو متعدد مسائل کا سامنا ہے، خاص طور پر سڑکوں کی حالت زار اور مختلف محکموں کی جانب سے ہونے والی مشکلات کی وجہ سے۔ یہ بات صدر گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن عبدالسلام ناصر نے ناصر گڈز ٹرانسپورٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر کہی۔
افتتاحی تقریب پاکستان چوک پر منعقد کی گئی جہاں گڈز ٹرانسپورٹ ڈیرہ کے والد محترم حاجی محمد کریم خان نے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالسلام ناصر نے گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ڈیرہ غازی خان میں ٹرانسپورٹرز کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔” انہوں نے خاص طور پر بلوچستان سے پنجاب آنے والی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا، جس پر ٹریفک پولیس، پیٹرولنگ پولیس اور دیگر محکموں کے لوگ ناکے لگا کر دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں۔
عبدالسلام ناصر نے مزید کہا کہ "اس وقت بلوچستان میں شر پسند عناصر اور دشمنان پاکستان کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان کو توڑا جائے، اور وہ پنجاب کے لوگوں کے ساتھ خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔” انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم ان دشمنوں کی سازشوں کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ ہم سب پاکستانی ہیں اور اپنے ملک کے لیے جان کی بھی پرواہ نہیں کریں گے۔”
انہوں نے کمشنر ڈیرہ ناصر محمود بشیر کی تعریف کی جنہوں نے ہمیشہ ٹرانسپورٹروں کے مسائل پر خصوصی توجہ دی ہے۔ ان کی قیادت میں، ٹرانسپورٹرز کی بہت سی مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے جو کہ ایک مثبت قدم ہے۔
افتتاحی تقریب میں گڈز ٹرانسپورٹ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔ ان میں سینئر نائب صدر بلال خان علیانی، لیاقت خان لغاری، جمعیت علماء اسلام (ف) کی سینئر قیادت کے اقبال رشید، کامل مسعود، عرفان، پیر مدثر، سیکرٹری جمخانہ سردار ذوالفقار خان لغاری، پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر شبلی شب خیز غوری، سابق صدر بار ایسوسی ایشن بہرام خان بزدار، مسرت عباس دستی ایڈووکیٹ، غلام عباس پتافی ایڈووکیٹ، ڈاکٹر یونس راج، چوہدری وحید، ملک جاوید، ساجد اعوان اور دیگر شامل تھے۔
تقریب کا مقصد نہ صرف گڈز ٹرانسپورٹ کے مسائل کو اجاگر کرنا تھا بلکہ ایک دوسرے کے ساتھ اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دینا بھی تھا۔ عبدالسلام ناصر نے ٹرانسپورٹ کی بہتری کے لیے حکومت اور متعلقہ اداروں کی طرف سے مزید اقدامات کی ضرورت کا بھی ذکر کیا تاکہ ملکی معیشت کی بہتری میں گڈز ٹرانسپورٹ کا کردار مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








