اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) ڈیرہ نواب صاحب کے شہریوں کے لیے ایک خوش آئند پیشرفت سامنے آ گئی،علامہ اقبال ایکسپریس کا ڈیرہ نواب صاحب ریلوے اسٹیشن پر عارضی اسٹاپ اب مستقل طور پر جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ریلوے حکام نے اس فیصلے کو بہتر ریونیو، مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد اور مقامی عوام کے پرزور مطالبے کے نتیجے میں کیا ہے۔
یاد رہے کہ دو ماہ قبل مقامی انجمن تاجران، سماجی تنظیموں اور شہریوں کی درخواست پر آزمائشی بنیادوں پر علامہ اقبال ایکسپریس کو ڈیرہ نواب صاحب اسٹیشن پر دوطرفہ اسٹاپ دیا گیا تھا۔ مختصر عرصے میں ہی ریلوے کو نہ صرف ریونیو میں واضح بہتری ملی بلکہ مسافروں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس نے اس فیصلے کی افادیت ثابت کر دی۔
ریلوے حکام نے اعلان کیا ہے کہ اس اسٹاپ کو تا حکمِ ثانی برقرار رکھا جائے گا تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور ریلوے کی آمدنی میں مزید بہتری آئے۔ اس فیصلے پر مقامی شہریوں، تاجروں اور سماجی رہنماؤں نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف سفری سہولیات کو بہتر بنائے گا بلکہ علاقائی معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دے گا، جس سے ڈیرہ نواب صاحب کی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔
شہریوں نے ریلوے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی عوامی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے اس طرح کے فیصلے کیے جاتے رہیں گے۔








