اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف رسول پور میں احتجاجی ریلی کا انعقاد
تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے رسول پور میں سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسلام کے خلاف کوئی بھی عمل قابل قبول نہیں ہے ۔ریلی میں شہریوں ، مقامی ، سیاسی ،سماجی اور مذہبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔مقرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپی ممالک میں اظہار رائے کی آزادی کی آڑ میں مسلمانوں کے مقدسات کی بے حرمتی کسی بھی شکل میں قابل قبول نہیں ہے ، یہ عالمی امن کو تہہ و بالا کرنے کی بزدلانہ کارروائی ہے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر قرآن مجید سے والہانہ محبت، ناموس رسالت کے تحفظ اور راسموس پالوڈان کی جانب سے قرآن مجید کو جلانے جیسے اقدام کے خلاف جملے درج تھے۔ مظاہرین میں شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا. اس موقع پر مظاہرین نے زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت سے قرآن مجید کی حرمت کی خاطر قائدانہ کردار ادا کرنے اور سویڈن کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا
Shares:








