ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی، نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، سی ای او ضلع کونسل نے سستے بازار زبردستی بند کروا دیے، دکاندار سراپا احتجاج

ننکانہ صاحب میں مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے لگائے گئے سستے بازار بھی بیوروکریسی کی مبینہ رشوت خوری کی نذر ہوگئے۔ عدالت عالیہ کے حکم امتناعی کے باوجود سی ای او ضلع کونسل عامر اختر بٹ نے سیدوالہ اور موڑکھنڈا کے علاقوں میں قائم سستے بازار زبردستی بند کروا دیے، جس سے درجنوں دکاندار بے روزگار ہو گئے اور شہری سستے داموں اشیاء خریدنے کی سہولت سے محروم ہو گئے۔

ٹھیکیدار آصف اقبال نے مؤقف اختیار کیا کہ اُس نے عدالت عالیہ سے سٹے آرڈر حاصل کر رکھا ہے جس میں واضح طور پر ضلع کونسل کو سستے بازاروں میں مداخلت سے روکا گیا تھا۔ مگر اس عدالتی حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے سی ای او ضلع کونسل عامر اختر بٹ نے بازاروں کو اُکھاڑ دیا۔ ٹھیکیدار کا الزام ہے کہ چیف آفیسر اور فنانس آفیسر اس سے مبینہ طور پر رشوت طلب کر رہے تھے اور انکار پر بازار بند کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

بازار میں موجود دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہیں ناجائز طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے اور روزگار چھینا جا رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہم مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بیٹھے ہیں، مگر ضلع کونسل کے افسران رشوت نہ دینے پر زبردستی کاروبار ختم کروا رہے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب سی ای او ضلع کونسل عامر اختر بٹ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کے احکامات پر کی گئی ہے، تاہم اس مؤقف پر شہریوں اور متاثرہ دکانداروں نے شکوک کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔



Shares: