ملک کے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث ندی نالوں میں طغیانی، سیلابی ریلے، زمین کا کٹاؤ اور سڑکوں کی بندش سے نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا۔
گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں طوفانی بارشوں سے اشکومن روڈ آٹھ مقامات پر بند ہوگئی اور ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔ اسکردو میں کلاؤڈ برسٹ سے برگے اور رگیول نالے میں طغیانی آئی، سیلابی پانی دیہات کی جانب بڑھنے پر لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے۔ غذر کی تحصیل گوپس کے گاؤں خلتی میں سیلاب سے خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے، دیامر میں 2 افراد ریلے میں بہہ گئے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا۔ تھوئی میں ایک شخص لاپتہ ہے۔
آزاد کشمیر میں بھی طوفانی بارشوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ مظفرآباد کی تحصیل نصیرآباد میں کلاؤڈ برسٹ سے سچہ نالے میں مکان بہہ گیا، ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ مچھارہ نالے کا پل ٹوٹ گیا جبکہ جہلم ویلی کے جیاں نالے میں 4 دکانیں بہہ گئیں۔ وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ سے سیاح پھنس گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ایبٹ آباد میں برساتی نالا عبور کرتے ہوئے میٹرک کی طالبہ ڈوب کر جاں بحق جبکہ دوسری طالبہ اور ٹیچر زخمی ہوگئے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یوم آزادی پر مرکزی مسلم لیگ کی تقریبات،ہر طرف سبزہلالی پرچموں کی بہار