مزید دیکھیں

مقبول

پاک بھارت کشیدگی کے باوجود اظہار یکجہتی فلسطین کیلئے پہیہ جام و شٹر ڈاؤن ہڑتال

قصور آج بسلسلہ اظہار یکجہتی فلسطین مکمل شٹر ڈاؤن و...

پاکستان میں ذیقعد 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا

پاکستان میں ذیقعد 1446 ہجری کا چاند نظر آگیا. ...

ہمیں تو بس اللہ سے ڈرنا تھا،تحریر:نور فاطمہ

زندگی میں انسان کو بہت ساری چیزوں...

ڈیرہ غازیخان: تباہ کن تیز آندھی اور مٹی کا طوفان، نظام زندگی مفلوج

ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ) تباہ کن تیز آندھی اور مٹی کا طوفان، نظام زندگی مفلوج

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب ڈیرہ غازیخان اور اس کے نواحی علاقوں میں اچانک ایک شدید تیز آندھی اور مٹی کے طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ رات گیارہ بجے شروع ہونے والے اس طوفان نے محض چند منٹوں میں پورے شہر اور اس کے اطراف کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ طوفان کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بھی کافی نقصان پہنچا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے دوران ہوا کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی تجاوز کر گئی۔ اس تیز رفتار ہوا نےدیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی۔ متعدد علاقوں میں بڑے اور پرانے درخت جڑوں سے اکھڑ کر گر گئے، جس سے مزید رکاوٹیں اور نقصان پیدا ہوا۔ کچے مکانات اور کمزور تعمیرات بھی اس طوفان کی تاب نہ لا سکے اور انہیں شدید نقصان پہنچا۔

طوفان کے باعث دیہی علاقوں اور شہر کے گردونواح میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہو گئی۔ بجلی کے کھمبے گر گئے اور تاریں ٹوٹ گئیں، جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی بحال نہیں ہو سکی۔ اس صورتحال نے شدید گرمی کے موسم میں شہریوں کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔ طوفان کی شدت سے کئی گھروں پر نصب سولر پلیٹیں بھی ٹوٹ پھوٹ گئیں جبکہ پورے شہر میں لگے ہوئے بڑے بڑے سائن بورڈ ہوا کے شدید دباؤ ک برداشت نہ کرسکے۔

یہ طوفان رات کے وقت آیا جب بیشتر لوگ گہری نیند میں تھے۔ اچانک بجلی کی بندش اور طوفان کی خوفناک آوازوں نے شہریوں کو شدید خوفزدہ کر دیا۔ خاص طور پر بچے، بزرگ اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو اس صورتحال میں بہت زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مٹی کے طوفان کے دوران فضا میں موجود باریک ذرات سانس، دمہ اور دل کے مریضوں کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ طوفان کے بعد ہسپتالوں میں الرجی، کھانسی، آنکھوں کی جلن اور سانس لینے میں دشواری کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ رات بھر بجلی کی بندش نے شہریوں کی مشکلات کو دوچند کر دیا۔ شدید گرمی میں پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز کے بغیر لوگوں کو بے چینی اور تکلیف کے ساتھ رات گزارنی پڑی.

ماحولیاتی ماہرین نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے طوفان موسمیاتی تبدیلیوں، درختوں کی بے دریغ کٹائی اور زمین کی بڑھتی ہوئی خشک سالی کا براہ راست نتیجہ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر ماحولیاتی تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں اس طرح کے تباہ کن طوفان معمول بن سکتے ہیں۔ ماہرین نے زور دیا کہ درخت ہوا کے دباؤ کو کم کرنے اور مٹی کو اپنی جگہ پر مضبوطی سے جمائے رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈیرہ غازیخان کے گردونواح میں جنگلات کی کمی نے بھی طوفان کی شدت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی گرمی اور موسم کے غیر متوقع صورتحال نے خشک سالی کو فروغ دیا ہے، جس سے مٹی کے طوفانوں کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں