ٹھٹھہ : سندھ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے سڑکوں کا جال بچھانے کا منصوبہ بنالیا

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)سندھ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے سڑکوں کا جال بچھانے کا منصوبہ بنالیا
تفصیلات کے مطابق محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے اسپیشل سیکریٹری خیر محمد کلوڑ اور ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے غربت کے خاتمے کی نئی حکمت عملی کے تحت ضلع ٹھٹہ کے علاقوں ساکرو، گاڑھو، گھوڑاباری اور ور شہروں کو آپس میں ملانے کیلئے سڑکوں کا جال بچھانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ وہاں کے لوگوں کو فارم سے مارکیٹ تک پہنچنے میں سہولت مہیا کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت صحت اور تعلیم کا ایسا بندوبست کیا جائے تاکہ لوگوں کو اپنے ہی علاقوں میں بہتر تعلیم اور معیاری صحت میسر ہو سکے۔ ان خیلات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مکلی میں حکومت سندھ اور یورپی یونین کے تعاون سے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور غربت میں کمی کے منصوبے پر عملدرآمد کے متعلق منعقدہ اجلاس کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اربن پالیسی منصوبہ بندی و ترقیات عزیمہ ناصر، ڈپٹی ڈائریکٹر اربن پالیسی منصوبہ بندی و ترقیات سحرش، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری، محکمہ تعلیم، صحت، ہائی وے، پبلک ہیلتھ، لوکل گورنمنٹ، انفارمیشن، پی پی ایچ آئی، مرف و ديگر مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت مختلف دیہاتوں کا گروپ بناکر اس کے نزدیک رورل گروتھ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس میں پرائمری تا کالج سطح تک کامپلیکس جس میں بچوں کی ہر سرگرمی جیساکہ انڈور اور آؤٹ ڈور گیمز، میوزک، آرٹ سمیت معیاری تعلیم مہیا ہو تاکہ بچوں کی نشونما بہتر ہو، اس کے علاوہ اپ گریڈ دیہی مرکز صحت، رہائشی سہولت، پینے کا پانی، نکاسی آب اور بجلی کی سہولیات مہیا کی جائیں گی جس سے قرب و جوار کے تمام پسماندہ گاؤں کے لوگ تعلیم، صحت، معیاری سڑکوں، پینے کے پانی، کاروبار کے بہتر مواقع اور دیگر سہولیات سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سندھ ترقی کرے۔

Leave a reply