ڈیرہ غازی خان(نیوزرپورٹرشاہدخان) کمشنر ڈیرہ غازی خان، اشفاق احمد چوہدری، کی زیرِ صدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی اقدامات کے تحت جاری سکیموں اور نئے مالی سال کی ترجیحی سکیموں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وسیم خان جتوئی نے اس موقع پر سالانہ ترقیاتی پروگرام کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان عثمان خالد سمیت مختلف محکموں کے سربراہان اور افسران نے شرکت کی۔ جبکہ ڈپٹی کمشنرز راجن پور، مظفرگڑھ اور کوٹ ادو نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے لیے خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے گئے ہیں، جن کا شفاف اور مؤثر استعمال حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے مالی سال میں ڈویژن بھر میں تعلیم، صحت، میونسپل سروسز، پینے کے صاف پانی، انفراسٹرکچر اور سڑکوں کی بحالی سمیت متعدد شعبوں میں ترقیاتی سکیموں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور محکموں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی بروقت منظوری، فنڈز کی فراہمی اور تکمیل کے مراحل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہونے دیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں تسلسل برقرار رکھا جائے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں۔

کمشنر چوہدری نے زور دیا کہ جاری تمام ترقیاتی پراجیکٹس کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیح ہے، اور یہ منصوبے خطے کی معاشی و سماجی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ مربوط حکمتِ عملی کے ساتھ اپنے اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں اور ترقیاتی عمل میں شفافیت اور معیار کو برقرار رکھیں۔

Shares: