ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر): ڈیرہ غازی خان کی کرکٹ کی تاریخ میں ایک یادگار دن رقم ہوا جب پہلے اوپن ڈی جی کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل ہوا۔گذشتہ روز گجر کالونی گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے اس فیصلہ کن مقابلے کو دیکھنے کے لیے شہر اور گرد و نواح سے کرکٹ کے شائقین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فائنل میچ کو وقار بخشنے کے لیے کئی نامور شخصیات نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ ان میں سابق امیدوار برائے ایم پی اے نواب طارق علی خان کاکڑ، صدر کسان ونگ مسلم لیگ (ن) امجد سردار، نواب فیصل خان سدوزئی (APML)، پیر سید احسان گیلانی، صدر انجمن صحافیان و ریجنل پریس کلب ڈیرہ غازی خان جواد اکبر بھٹی، اور پروفیسر بلال احمد شامل تھے۔ مہمانوں کی آمد نے ایونٹ کی رونقوں کو چار چاند لگا دیے۔
فائنل میچ کلاسک کرکٹ کلب اور شاہجہان کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ناظرین کو بھرپور تفریح فراہم کی۔ اس دوران نعرے بازی، تالیاں اور جوش و خروش نے گراؤنڈ میں عید کا سماں پیدا کر دیا۔
تقریب کے دوران مقررین نے کھیلوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جسمانی کھیل مثبت سوچ، برداشت، اتحاد اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ایک مضبوط اور توانا معاشرہ تشکیل پا سکے۔
میچ کے اختتام پر رنر اپ اور ونر ٹیموں کو کیش پرائز، میڈلز اور ٹرافیاں دی گئیں۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور انہیں مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کی ترغیب دی گئی۔ یہ ٹورنامنٹ نہ صرف کھیلوں کی ترویج کا ذریعہ بنا بلکہ اس نے ڈیرہ غازی خان کے عوام میں تفریح اور اتحاد کا ایک خوبصورت پیغام بھی دیا۔