ہ سوشل میڈیا پر پاک فوج کے نام سے متعدد جعلی اکاؤنٹس سرگرم ہو چکے ہیں، جن کا مقصد ملک کے دفاعی اداروں کے خلاف گمراہ کن اطلاعات پھیلانا اور عوامی رائے کو منفی انداز میں متاثر کرنا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے نام سے بھی ایکس پر فیک اکاؤنٹ بنا لیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق، ان جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے ایسی معلومات اور بیانات جاری کیے جا رہے ہیں جو نہ صرف سراسر جھوٹ اور من گھڑت ہیں بلکہ ان کا مقصد ریاستی اداروں میں بداعتمادی پیدا کرنا اور قومی وحدت کو نقصان پہنچانا ہے۔ ان عناصر کا تعلق بعض شرپسند گروہوں سے جوڑا جا رہا ہے جو بیرونی ایجنڈے کے تحت پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کو کمزور کرنے کے درپے ہیں۔
یہ جعلی عناصر سادہ لوح عوام کے جذبات سے کھیل کر انہیں قومی سلامتی کے حساس معاملات پر گمراہ کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر فرضی ناموں اور جعلی تصاویر کے ذریعے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ یہ پیغامات اور تبصرے کسی مستند عسکری ذرائع سے جاری کیے جا رہے ہیں، جبکہ حقیقت اس کے بالکل برعکس ہوتی ہے۔ متعلقہ سیکیورٹی ادارے ان جعلی اکاؤنٹس کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ وزارت داخلہ اور سائبر کرائم ونگ نے بھی عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر چلنے والے مشکوک مواد کی تصدیق کیے بغیر اسے شیئر نہ کریں اور اگر کوئی مشتبہ اکاؤنٹ نظر آئے تو فوری طور پر رپورٹ کریں۔