ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام میٹرک امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کمشنر ڈیرہ غازی خان و چیئرمین بورڈ اشفاق احمد چوہدری نے کر دیا۔ اس سال مجموعی طور پر 91,180 طلباء و طالبات نے امتحانات میں شرکت کی، جن میں سے 81.35 فیصد امیدوار کامیاب قرار پائے۔
سائنس گروپ (طالبات):
ڈی پی ایس گرلز لیہ کی ہانیہ محمود نے 1187 نمبر لے کر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ وژن گرلز سکول لیہ کی انشا احمد 1186 نمبرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ تیسری پوزیشن 1184 نمبرز حاصل کرنے والی تین طالبات نے مشترکہ طور پر حاصل کی جن میں دی راوین گرلز ہائی سکول راجن پور کی زارش فاطمہ، سنٹر آف ایکسی لینس مظفرگڑھ کی زینب شوکت اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 ڈی جی خان کی لائبہ رضا شامل ہیں۔
سائنس گروپ (طلباء):
سنٹر آف ایکسی لینس ڈی جی خان کے نعمان وارث نے 1184 نمبرز لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، مظفرگڑھ کے امیر عبداللہ نے 1183 نمبرز کے ساتھ دوسرا جبکہ ڈی جی خان کے عبداللہ عثمان اور مظفرگڑھ کے محمد اسد نے 1181 نمبرز کے ساتھ تیسری پوزیشن شیئر کی۔
جنرل گروپ (طلباء):
کوٹ ادو سے محمد فہیم نے 1077 نمبرز حاصل کر کے پہلی، مظفر گڑھ سے محمد مزمل نے 1054 نمبرز کے ساتھ دوسری اور روجھان سے محمد شیراز نے 1051 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
جنرل گروپ (طالبات):
مظفر گڑھ کی قراۃ العین اور لیہ کی لائبہ فیاض نے 1087 نمبرز حاصل کر کے پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ڈی جی خان سے زہرا فاطمہ 1076 نمبرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
چیئرمین بورڈ اشفاق احمد چوہدری نے تمام پوزیشن ہولڈرز، ان کے والدین، اساتذہ اور اداروں کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ یہ طلباء مستقبل میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔