ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نذر حسین کورائی نے پاکستان چوک کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سبزی، پھل، گوشت اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے، زائد قیمتیں وصول کرنے اور زائد المیعاد اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے دوران چار پھل فروش، ایک بیف پلاؤ فروش اور ایک کریانہ سٹور مالک سمیت سات افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ناغہ کے روز پلاؤ فروخت کرنے والے دکاندار کو بھی موقع پر حراست میں لیا گیا جبکہ زائد المعیاد بسکٹ اور اشیاء خورد و نوش برآمد ہونے پر کریانہ سٹور سیل کر دیا گیا۔ تمام گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ تھانوں میں استغاثے جمع کرا دیے گئے ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کورائی کا کہنا تھا کہ گراں فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ پنجاب حکومت کی واضح ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اگر کوئی دکاندار زائد قیمت وصول کرے یا غیر معیاری اشیاء فروخت کرے تو فوری طور پر انتظامیہ یا متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔