ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) بی ایم پی چیک پوسٹوں پر رشوت اور اثر و رسوخ کا راج

تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی چیک پوسٹ و تھانہ بواٹہ پر تعینات ایس ایچ او اقبال لغاری اور اہلکار شوکت کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ چیک پوسٹ راکھی گارج پر تعینات فیاض نامی اہلکار کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر سمگلروں اور با اثر سیاستدانوں کے مفادات کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اہلکار مبینہ طور پر سمگلنگ کے ذریعے کمایا گیا پیسہ سیاستدانوں تک پہنچاتے ہیں جبکہ ایس ایچ اوز بے بس ہو کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

عوامی حلقوں نے بارڈر ملٹری پولیس کے سینئر کمانڈنٹ شاہد زمان لک اور کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ سے اپیل کی ہے کہ ان اہلکاروں کو چیک پوسٹوں سے فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ ہو سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو چوٹی زیریں اور فورٹ منرو کے با اثر سیاستدانوں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے موجودہ دور حکومت میں بھی ان کا تبادلہ ممکن نہیں ہو سکا۔

مزید برآں ذرائع کا کہنا ہے کہ فیاض نامی اہلکار کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ایس ایچ اوز پر دباؤ ڈالتا ہے اور ان سے من مانی کرواتا ہے۔ اس نے یہاں تک دھمکی دی ہے کہ اگر اس کا تبادلہ کیا گیا تو وہ چوٹی جا کر تمام بڑے افسروں کو لاہور بھیج دے گا۔ عوامی حلقے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور فوری ایکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Shares: