ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز، رپورٹر شاہد خان) بھارتی جنگی جنون کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح اور افواجِ پاکستان کے کامیاب دفاع پر اظہارِ تشکر کے طور پر ڈیرہ غازی خان میں بھرپور جشن منایا گیا۔ اس موقع پر شہر بھر میں بڑی اسکرینیں نصب کی گئیں، جن پر افواجِ پاکستان کی اہم پریس کانفرنس براہِ راست دکھائی گئی۔
مرکزی تقریب کرکٹ اسٹیڈیم ڈیرہ غازی خان میں منعقد ہوئی، جس میں کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری، ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، ایم پی اے محمد حنیف پتافی، ڈی پی او سید علی، ضلعی افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی کے عہدیداران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کرکٹ اسٹیڈیم میں نہ صرف بڑی اسکرین پر پریس کانفرنس کو سراہا گیا بلکہ فتح کی خوشی میں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا، جس سے شرکاء کا جوش و خروش عروج پر پہنچ گیا۔
اس موقع پر کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اُس نے ہمیں مکار دشمن کے خلاف ایک عظیم فتح سے نوازا اور ہم اپنی بہادر افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے نہ صرف مادرِ وطن کا دفاع کامیابی سے کیا بلکہ بھارت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا کر تاریخ رقم کی۔
ایم پی اے محمد حنیف پتافی نے کہا کہ پاک فوج اور پوری قوم نے مل کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، جس پر ہر پاکستانی کو فخر ہے۔
ڈی پی او سید علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم وطن کے اندر اور باہر کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ قوم اور ادارے متحد ہوں تو کوئی دشمن ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔
یہ تقریب نہ صرف فتح کا جشن تھی بلکہ قوم کے حوصلے، اتحاد اور افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا عملی اظہار بھی۔