ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواد اکبر) ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں دو لاکھ 15 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کر دیا گیا ہے۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے زیادہ سے زیادہ رقبے پر کپاس کی بروقت کاشت اور فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے متعلقہ محکموں اور کاروباری افراد کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

ڈویژنل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کپاس کی کاشت کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے 31 مارچ تک کپاس کی کاشت مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ نہری پانی کی فراہمی، معیاری بیج، کھاد اور زرعی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جعلی بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈ کی تیاری، ترسیل اور فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، مختلف محکموں کے افسران، کھاد، بیج اور زرعی ادویات کے کاروباری افراد بھی شریک تھے۔

Shares: