ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی) ڈاکٹر محمد زاہد ملک ساؤتھ پنجاب کے لیے وفاقی محتسب کے کوآرڈینیٹر مقررجنوبی پنجاب کے وفاقی اداروں کی کارکردگی پر ہر ماہ خصوصی رپورٹ پیش کی جائے گی
تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی نے مشیر و ریجنل ہیڈ ملتان/ڈیرہ غازی خان ڈاکٹر محمد زاہد ملک کو جنوبی پنجاب کے لیے کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا ہے۔ اس تقرری کے بعد وہ ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے تمام علاقائی دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور ہر ماہ ایک جامع رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کریں گے۔
اس حوالے سے اپنے بیان میں ڈاکٹر محمد زاہد ملک نے کہا ہے کہ وہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور عوامی شکایات کو قواعد و ضوابط کے مطابق ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مزید محنت سے کام کریں گے۔ انہوں نے وفاقی محتسب پاکستان کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں عوامی شکایات کے مؤثر حل کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔
ڈاکٹر محمد زاہد نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ وفاقی اداروں کے خلاف کسی بھی شکایت کی صورت میں وفاقی محتسب پاکستان کے علاقائی دفاتر سے رجوع کریں تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔