ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر)ڈیرہ غازی خان میں محرم الحرام کے موقع پر امن و امان، سکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت ڈویژنل انٹیلی جنس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈویژن بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور سکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران درپیش ممکنہ چیلنجز، تھریٹ الرٹس، حساس علاقوں، سابقہ حل طلب فرقہ وارانہ تنازعات، جلوس و مجالس کے روٹس، وقت کی پابندی، اور سکیورٹی معاہدوں پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ حساس مقامات پر فلیش پوائنٹس اور ٹربل سپاٹس کی کڑی نگرانی، اور روزانہ کی بنیاد پر سرچنگ و کومبنگ آپریشنز کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریجن بھر میں محرم کے دوران 1360 جلوس اور 4658 مجالس کے لیے 10 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ 34 فلیش پوائنٹس اور 112 ٹربل سپاٹس کو حساس قرار دے کر وہاں خصوصی سکیورٹی بندوبست کیا جا رہا ہے۔ مجالس و جلوسوں کی 1670 جدید کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، جبکہ ڈرونز، سمارٹ آئی اور دیگر سافٹ ویئرز کے ذریعے بھی سکیورٹی اقدامات کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

آر پی او نے ہدایت کی کہ تمام ضلعی افسران خود امام بارگاہوں، جلوسوں کے راستوں اور مجالس کی سکیورٹی کو چیک کریں۔ طے شدہ روٹس، اوقات اور معاہدوں کی مکمل پابندی کرائی جائے۔ حساس علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر پولیس، CTD، اور دیگر اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشنز کیے جائیں۔ ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ماک ایکسرسائزز بھی کی جائیں۔

انہوں نے ہوٹلوں، سراؤں، بس اڈوں اور کرایہ داران سمیت فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کی ہدایت دی، اور کہا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ، اشتعال انگیز تقاریر، فرقہ وارانہ مواد، وال چاکنگ اور نفرت آمیز پوسٹروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ سوشل میڈیا پر بھی مکمل نظر رکھی جائے تاکہ کوئی بھی شرپسند عناصر ماحول کو خراب نہ کر سکیں۔

اجلاس میں کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق محرم الحرام کے انتظامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام جلوسوں کے راستوں پر صفائی، چھڑکاؤ، روشنی، پانی، اور گرمی سے بچاؤ کے انتظامات کو ترجیح دی جائے۔ ہنگامی صورتحال کے لیے الگ پلان تیار کر کے ماک ایکسرسائزز کی جائیں تاکہ فوری ردعمل ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ٹریفک پلان، متبادل راستوں اور سکیورٹی اقدامات سے بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ عوام کو سہولت اور اعتماد میسر آ سکے۔ اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محرم الحرام کے دوران ہر ممکن اقدامات کے ذریعے امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا اور شرپسند عناصر کو سختی سے کچلا جائے گا۔

Shares: