ڈیرہ غازی خان،کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر،تحصیل رپورٹر) زمین کے تنازع پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق
ڈیرہ غازی خان کے علاقے مانہ احمدانی میں زمین کے تنازع اور مقدمہ بازی کی رنجش پر دو گروپوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ بودلہ فارم کے قریب دو گروپوں کے درمیان فائرنگ ہوئی ہے جس کے نتیجے میں زخمیوں میں سے ایک شخص کی موقع پر موت ہو چکی ہے۔ کنٹرول روم نے فوری طور پر ایک موٹر بائیک ایمبولینس اور دو ایمبولینسز جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیں۔
جب ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو پولیس پہلے سے وہاں موجود تھی۔ ایک شخص کی گردن میں گولی لگنے سے موت واقع ہوچکی تھی جبکہ دو زخمیوں کو پولیس نے فوری طور پر کوٹ چھٹہ منتقل کرنا شروع کر دیا۔ ریسکیو اسٹاف نے زخمیوں کو ایمبولینس میں منتقل کرنے کی کوشش کی مگر حفاظتی وجوہات کی بنا پر پولیس نے زخمیوں کو اپنے ہی ساتھ لے جانا مناسب سمجھا۔
پولیس کے ہمراہ ریسکیو ٹیم کوٹ چھٹہ پولیس اسٹیشن پہنچی جہاں مزید جانچ سے پتہ چلا کہ ایک زخمی شخص کو پیٹ میں گولیوں کی وجہ سے جانبر نہ ہوسکا اور وہ دم توڑ گیا، جبکہ دوسرے زخمی کو کمر میں چھرے لگے تھے جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ حفاظتی خدشات کے پیش نظر زخمی کو تھانے کے اندر ہی رکھا گیا۔
حادثے کے مقام پر موت کے شکار شخص کے لیے کرائم سین یونٹ ٹیم کا انتظار کیا گیا اور پولیس کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ اسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا۔