ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹر جواد اکبر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ضلع ڈیرہ غازی خان میں غیر قانونی سٹون کریشر یونٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں سے فوری ایکشن پلان طلب کر لیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عثمان بخاری، پولیٹیکل اسسٹنٹ کوہ سلیمان محمد اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ شکیب سرور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سید اشفاق بخاری، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز غلام اصغر صدیقی سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ بغیر تحریری اجازت کے کوئی بھی سٹون کریشر یونٹ کام نہیں کرے گا۔ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹون کریشرز کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور قدرتی وسائل کو پہنچنے والے نقصان کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی تنبیہ کی کہ اگر کسی سرکاری افسر یا ملازم نے اپنی ذمہ داریوں میں کوتاہی برتی تو اس کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ ماحول کے تحفظ اور عوامی مفاد کو مقدم رکھا جا سکے۔

Shares: