ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) 23 مارچ 2025 کو پاکستان صحافی اتحاد کی پہلی سالگرہ اور یوم قرارداد پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ یہ تقریب شہر کے معروف ہوٹل اقبال ہوٹل اینڈ باربی کیو میں منعقد ہوئی۔
تقریب کا آغاز ملی نغموں کی دھنوں سے ہوا۔ پاکستان صحافی اتحاد کے اراکین نے اپنی محبت اور اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ تمام اراکین نے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر کو ایک سال کی کامیاب تکمیل پر خراج تحسین پیش کیا اور ان کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہنے کا وعدہ کیا۔
ملی نغموں کی دھنوں میں پاکستان صحافی اتحاد اور 23 مارچ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر سردار محمد اسلم خان چانڈیہ نے قرارداد پاکستان پر تفصیلی روشنی ڈالی اور مولا علی شیر خدا کی شہادت پر خوبصورت خطاب کیا۔
مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر نے پاکستان صحافی اتحاد کی ایک سالہ کارکردگی پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں صحافی برادری کے لیے مزید بہتر اقدامات کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صحافی اتحاد کا ہر کارکن محب وطن اور درد دل رکھنے والا ہے۔ جب بھی وطن کو ہماری ضرورت پڑی، ہم سب پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ پاک صحافی برادری کے لیے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے تمام صحافیوں کو مثبت صحافت کے ذریعے علاقے، قوم اور ملک کی خدمت کرنے کی دعوت دی۔
تقریب کا اختتام پاکستان زندہ باد اور پاکستان صحافی اتحاد پائندہ باد کے نعروں سے ہوا۔ پاکستان صحافی اتحاد نے تمام شرکاء کے لیے افطاری کا بھی اہتمام کیا۔








