ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر جواد اکبر) پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن (PJA) ڈیرہ غازی خان کے زیر اہتمام سال نو کی آمد کا خیرمقدم کرنے کے لیے ایک کیک کاٹنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب کی صدارت ڈویژنل کوآرڈینیٹر عرفان المانی بلوچ نے کی، جبکہ مہمان خصوصی سینٹرل کور کمیٹی کے رکن اور صدر جنوبی پنجاب PJA شیخ رمضان ندیم تھے۔
تقریب کے آغاز میں تلاوت قرآن مجید سلیم چوہان نے کی، اور اسٹیج سیکرٹری کے فرائض معروف صحافی و کالم نگار ڈاکٹر محمود شیخ نے انجام دیے۔ شیخ رمضان ندیم نے خطاب کرتے ہوئے تمام عہدیداروں اور ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے عدم برداشت کے ماحول میں بہتری لانے کے لیے ہمیں اپنی قلم کو ہتھیار بنا کر 2025ء میں شعوری انقلاب برپا کرنا ہوگا تاکہ انسانی قتل عام، دہشت گردی، اور شدت پسندی کے رجحانات میں کمی لائی جا سکے۔
تقریب میں PJA کے ڈویژن، ضلع، تحصیل اور شہری عہدیداروں و ممبران نے شرکت کی۔ شرکاء نے سال نو کی آمد کا بھرپور استقبال کرتے ہوئے ایک دوسرے کو دلی مبارکباد دی، نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اور ملکی سلامتی، ترقی اور استحکام کی دعا کی۔ "پاکستان زندہ باد”، "افواج پاکستان زندہ باد” اور "پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن زندہ باد” کے نعرے بھی لگائے گئے۔