ڈیرہ غازی خان / مظفرگڑھ ( باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر+نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان، کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ضلع ڈیرہ غازی خان اور مظفرگڑھ کے ہنگامی دورے کیے۔ ان دوروں کا مقصد عوامی شکایات کا فوری ازالہ اور پولیس اسٹیشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ آر پی او نے کھلی کچہریوں کا انعقاد تھانہ دراہمہ (ڈی جی خان) اور تھانہ قریشی (مظفرگڑھ) میں کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔
آر پی او سجاد حسن نے کھلی کچہریوں میں انجمن تاجران، بار نمائندگان، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن، سول سوسائٹی، میڈیا اور شہریوں کی کثیر تعداد سے خطاب کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اوپن ڈور پالیسی وزیراعلیٰ کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہے، اور اس کا مقصد ان دور دراز علاقوں کے شہریوں کو براہ راست انصاف کی فراہمی ہے جو پولیس دفاتر تک نہیں پہنچ سکتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوامی شکایات کے حل میں تاخیر یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
آر پی او نے ڈی جی خان کے تھانہ دراہمہ، سٹی، بی ڈویژن اور مظفرگڑھ کے تھانہ کرم داد قریشی کے سرپرائز وزٹ بھی کیے۔ انہوں نے انسپکشن کے دوران اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنز کی ایس او پیز، زیرِ تفتیش مقدمات، پینڈنگ درخواستوں، اشتہاری مجرمان کی گرفتاری، حوالات، مال خانہ، فرنٹ ڈیسک اور اسلحہ خانہ کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آر پی او نے حوالات میں موجود ملزمان سے براہِ راست گفتگو کی اور تھانہ جات میں آنے والے شہریوں سے مسائل دریافت کیے۔
اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ایف آئی آر کے بروقت اندراج، سروس ڈلیوری کے معیار میں بہتری، اور تھانہ کلچر میں عوام دوست تبدیلی کے لیے واضح ہدایات جاری کیں۔ تھانہ کرم داد قریشی میں ڈی پی او مظفرگڑھ کے ہمراہ منعقدہ اجلاس میں انہوں نے سرکل آفیسران اور تمام ایس ایچ اوز کی کارکردگی کا جائزہ لیا، اور ان کو جرائم کی روک تھام، تفتیش میں شفافیت، اور کرپٹ اہلکاروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی ہدایت کی۔
آر پی او نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں کہا کہ پولیس ریفارمز اور انصاف کی فراہمی وزیراعلیٰ کی اولین ترجیح ہے، اور ہم اس مشن پر بلا امتیاز اور میرٹ کی بنیاد پر عمل پیرا ہیں۔ ان دوروں سے نہ صرف پولیس اہلکاروں کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ عوام کا اعتماد بھی بحال ہوگا۔
Shares: