ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے گورنمنٹ جامع ہائی سکول میں زیر تعمیر سپورٹس کمپلیکس منصوبے کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ امیر مسلم اور ایکسیئن بلڈنگز محمد وقاص نے منصوبے کی تفصیلات پر مبنی بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ یہ سپورٹس کمپلیکس حال ہی میں واگزار کرائے گئے سرکاری رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں کرکٹ ارینا، والی بال کورٹ اور دیگر کھیلوں کی سہولیات شامل ہوں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ منصوبے کی تکمیل میں تیزی لائی جائے تاکہ طلبہ اور شہریوں کو جلد از جلد صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سپورٹس کمپلیکس نہ صرف گورنمنٹ کمپری ہینسو ہائی سکول کے طلبہ بلکہ شہر کے دیگر نوجوانوں کے لیے بھی کھیل اور تفریح کا مثبت ذریعہ ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما کے لیے ناگزیر ہیں اور ایسے منصوبے معاشرے میں مثبت تبدیلی کا سبب بنتے ہیں۔








