ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) سلاٹر ہاؤس میں مویشی ذبح نہ کرنے اور بغیر ویٹرنری مہر کے گوشت مارکیٹ میں فروخت کرنے پر تین قصابوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نذر حسین کورائی نے کی۔
پتھر بازار، فوارہ چوک، قادریہ چوک اور دیگر مقامات پر اچانک معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ بعض دکانوں پر فروخت ہونے والے گوشت پر ویٹرنری ڈاکٹر کی تصدیقی مہر موجود نہیں تھی، جس سے یہ بات سامنے آئی کہ مویشی سلاٹر ہاؤس کے بجائے غیر قانونی طریقے سے ذبح کیے جا رہے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر نذر حسین کورائی نے بتایا کہ تمام قصابوں کو پہلے ہی پابند کیا گیا تھا کہ وہ صرف سلاٹر ہاؤس میں جانور ذبح کریں اور گوشت پر ویٹرنری ڈاکٹر کی مہر لازمی ثبت ہو۔ مہر کے بغیر گوشت غیر قانونی تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صحت مند اور معیاری گوشت کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ غیر قانونی مذبحہ خانوں کے خلاف بھی آپریشن تسلسل سے جاری رہے گا۔








